صادق آباد:(دنیا نیوز)جنوبی پنجاب کے شہر صادق آباد میں اندھڑ گینگ نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دو پٹرول پمپ مالکان سمیت نو افراد کو قتل کردیا جبکہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق صادق آباد کے ماہی چوک میں ڈٓاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں 9افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ علاقے میں ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا ۔
اندھڑ گینگ کے کارندوں نے پٹرول پمپ مالکان اور دیگرتاجروں کو بھتے کے پیغامات بھجوائے ، رقم نہ ملنے پر موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے ماہی چوک کو نوگو ایریا بنا دیا۔
جاں بحق افراد میں فاروق، شریف، ظہیر عباس، نذیر،اللہ داد، منور،پیر بخش، غلام نبی شامل ہیں۔
خوف کی فضا میں مبتلا مقامی افراد پولیس کے بروقت نہ پہنچنے کا شکوہ کرتے رہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آرپی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ورثا نے لاشیں گڈو کشمور روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور پولیس سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی۔