پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں پولیس اہلکاروں کا اغواء برائے تاوان میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں قانون کے رکھوالے ہی قانون شکنی کرنے لگے ہیں، تھانہ ایس ایچ او باڑہ سمیت سی ٹی ڈی کے اہلکار شہری کےاغواء برائے تاوان میں ملوث نکلے۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف عباسی کے مطابق وردی میں ملوث پولیس اہلکاروں نے شہری کو اغواء کرکے چار کروڑ روپے کے تاوان کا مطالبہ کیا تھا جس پر پولیس حکام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران پولیس نے 25 اہلکاروں کو موبائل اسنیچنگ، جرائم پیشہ افراد کے ساتھ روابط اور منشیات کی سمگلنگ میں بھی گرفتار کیا ہے