کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کے مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ شعبہ تفتیش نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں بڑی کارروائی کی، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم میرعلی حیدرتھانہ دشت ضلع مستونگ بلوچستان میں مفرور ہے، ملزم جرائم پیشہ خاندان سے تعلق رکھتا ہے، 2011 میں کیری روڈ مستونگ بلوچستان میں پولیس مقابلہ ہوا تھا جس میں ملزم فرار ہوگیا تھا جبکہ بھائی جمال گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا، 2015 کوئٹہ بلوچستان میں دوسرا بھائی مبشر بھی پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا، تیسرا بھائی یاسین لشکر جھنگوی کا اہم کارکن ہے، گرفتار ملزم کے دیگر بھائی ایران میں روپوش ہیں۔
ملزم دو ہزار پندرہ میں بلوچستان پولیس کو متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا، ملزم گرفتاری کے خوف سے بلوچستان سے فرار ہو کر کراچی میں روپوش ہوگیا تھا۔