لاہور: ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر، 2 ڈاکو ہلاک، شہری جاں بحق

Published On 23 November,2022 08:53 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے شاد باغ میں ڈولفن فورس سے بچ کر بھاگنے والے ڈاکوؤں کی موٹرسائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، 2 ڈاکو ہلاک اور ایک شہری موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق تین مسلح ڈاکو مغل پورہ، فتح گڑھ، تاج پورہ اور ملحقہ علاقوں میں وارداتیں کرنے کے بعد فرار ہو رہے تھے، ڈولفن اہلکاروں نے دوران پٹرولنگ تین مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔

ڈاکو ڈولفن ٹیم پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، ٹیم نے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھا، ڈاکوؤں کی موٹرسائیکل تیز رفتاری کے باعث شاد باغ سروس روڈ پر خراب ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 2 ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

موٹر سائیکل کی ٹکر سے ٹرالی کو دھکا لگانے والا ایک شہری بھی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا، گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے چھینے گئے موبائل، گھڑیاں، نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
 

Advertisement