سکھر میں عید سے پہلے خونی تصادم، 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

Published On 21 April,2023 10:22 pm

سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں عید سے پہلے دو گروپوں میں ہونے والا خونی تصادم 6 جانیں نگل گیا، واقعہ میں 4 خواتین سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بچل شاہ میانی میں پیش آیا، دو گروہوں میں خونی تصادم دیرینہ تنازع کے باعث ہوا جس میں ایک گروہ نے حملہ کر کے ایک شخص کو قتل جبکہ ایک کو زخمی کر دیا۔

دوسرے گروہ نے جوابی حملہ کرتے ہوئے 4 خواتین سمیت 5 افراد کو قتل جبکہ 4 کو شدید زخمی کر دیا، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے مقتولین اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

خونی تصادم کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، پولیس کی ناکہ بندی سے علاقہ مکین خوف کے باعث گھروں میں محصور ہوگئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری تک سرچ آپریشن جاری رہے گا۔