کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس کے 15 اہلکاروں کو ڈیوٹی چھوڑ کر جرائم پیشہ ملزم کی دعوت کھانا مہنگا پڑ گیا، سرجانی تھانے میں تعینات 15 اہلکار معطل کر دیئے گئے۔
پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے معطل کئے گئے اہلکاروں میں سرجانی تھانے کے 7 اور 15 مددگار کے 8 اہلکار شامل ہیں۔
معطل اہلکاروں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ عید کے پہلے روز ڈیوٹی چھوڑ کر جرائم میں ملوث شخص کی دعوت کھا رہے ہیں۔
پولیس کے معطل کئے گئے اہلکار ملزم اکبر چانڈیو کی دعوت پر باوردی اس کے ڈیرے پر موجود تھے، جبکہ ویڈیو میں پولیس کی موبائلیں اکبر چانڈیو کے ڈیرے کے باہر کھڑی بھی نظر آرہی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق اکبر چانڈیو پر سرجانی اور اینٹی انکروچمنٹ میں مقدمات درج ہیں اور وہ اپنا تعلق سیاسی جماعت سے ظاہر کرتا ہے۔