لاڑکانہ: (دنیا نیوز) سینٹرل جیل کے باہر موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کرکے 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
لاڑکانہ پولیس کے مطابق واقعہ سولنگی برادری کی مغیری برادری کے ساتھ جاری پرانے تنازع کے باعث پیش آیا، مرنے والوں میں جیل سے ضمانت پر رہا ہونیوالے 3 سگے بھائی شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ قتل ہونیوالوں کی شناخت تین سگے بھائیوں شوکت،امجد اور ماجد سولنگی کے نام سے ہوئی جبکہ ٹیکسی کار ڈرائیور نجم چانڈیو اور امیر علی بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق امجد اور ماجد سولنگی قتل کیس پر ضمانت پر تھوڑی دیر پہلے جیل سے رہا ہوئے تھے ، کار سوار شوکت، امیر علی اور نجم نے دونوں بھائیوں کو جیل سے وصول کیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاشوں کو چانڈکا میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ مسلح افراد کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں ناکہ بندی کردی گئی۔