لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے شاہدرہ میں سی آئی اے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔
ترجمان سی آئی اے کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم نے علاقہ تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں ناکہ بندی کی تھی، ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ کردی جبکہ جوابی فائرنگ کے دوران اشتہاری شوٹر فیضان عرف جگا اور ڈکیت گینگ کا سرغنہ علی رضا ہلاک ہو گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم فیضان عرف جگا اور علی رضا اشتہاری شوٹر قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری کے سنگین مقدمات میں لاہور، فیصل آباد اور دیگر اضلاع کی پولیس کو نہایت مطلوب تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے انچارج سی آئی اے شاہدرہ انسپکٹر مجاہد جٹ سراء کی زیر نگرانی علاقہ میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔