گوجرانوالہ :سی آئی اے پولیس کی کارروائی، وین کو لوٹنے اور تین ملازمین کے قاتل گرفتار

Published On 11 August,2023 01:16 pm

گوجرانوالہ : (دنیانیوز) سی آئی اے پولیس گوجرانوالہ نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ٹول پلازہ وین کو لوٹنے اور تین ملازمین کو قتل کرنے والے ملزمان گرفتارکرلیے ۔

سی پی او گوجرانوالہ کے مطابق پولیس ٹیم نے فیس ٹریس ایپ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا ، 02 مئی کو ملزمان ٹول پلازہ کی کیش وین سے 63 لاکھ 51ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے ، دوران واردات ملزمان نے فائرنگ کرکے وین میں موجود تین ملازمین کو قتل کیا تھا ۔

سی پی او گوجرانوالہ کے مطابق ملزمان پولیس سے بچنے کے لیے بار بار لوکیشن تبدیل کرتے رہے ، پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر سائنٹیفک انداز میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کے قبضہ سے 13 لاکھ روپے نقدی اور جدید اسلحہ برآمد کرلیا گیا، دوران تفتیش ملزمان کا قتل و ڈکیتی کی درجنوں ورادتوں کا بھی انکشاف ہوا ہے ، ملزمان پولیس کی وردی پہن کر وارداتیں کرتے تھے ۔

سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دلوائیں گے ۔