لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ویٹر نے فائرنگ کر کے شہری کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جیل روڈ پر مزنگ میں واقع ہوٹل میں ویٹر نے معمولی تلخ کلامی پر شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
عینی شاہد کے مطابق ویٹر احسن اور شہری کے درمیان کھانا لانے پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر ملزم نے فائرنگ کر کے مار ڈالا۔
حکام کے مطابق مقتول کی شناخت رضوان بھٹی کے نام سے ہوئی ہے جو گزشتہ تین سال سے کراچی میں رہائش پذیر تھا اور عارضی طور پر شاہدرہ میں رہائش تھی، فائرنگ سے ہوٹل میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ ملزم ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پر فرارہوگیا، واقعہ کے بعد ہوٹل مالکان اور عملہ بھی غائب ہوگیا ہے۔
ایس پی سول لائنز اور فرانزک ٹیموں نے واقعہ کے بعد تحقیقات کا آغاز کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔