آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے چرس ، ویپس فروخت کرنیوالے 8ملزمان گرفتار

آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے چرس ، ویپس فروخت کرنیوالے 8ملزمان گرفتار

اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق سی بی ڈی آئل سے بھرے ویپس کے خلاف اے این ایف نے کامیاب آپریشن کیا اور پاکستان کے 3 بڑے شہروں میں بیک وقت کارروائیاں کی گئیں، دوران آپریشن چرس کے تیل سے بھرے ویپس، سی بی ڈی آئل، ٹی ایچ سی آئل، بھنگ کے پودے سے بنے سگریٹ رول برآمد کیے گئے جبکہ افیون اور چرس سمیت دیگرغیر قانونی مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان قدرتی مصنوعات اور ادویات کی فروخت کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، ای کامرس پلیٹ فارم کو منشیات کی سپلائی کے لیے استعمال کیا گیا، ملزمان کارگو کمپنیوں کے ذریعے بیرونی ممالک سے ممنوعہ اشیاء درآمد کرتے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ اے این ایف آن لائن کاروبار کے لیے حکومتی قوانین اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کو نافذ کرنے کیلئے کوشاں ہے، والدین نوجوانوں میں ویپ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کریں۔

ترجمان نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کے آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمز کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں، کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔