اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے شہری کو گولیاں مار دیں، ننکانہ صاحب میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی 8 میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی تو منع کرنے پر ملزموں نے شہری پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والے شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے، زخمی شخص کی شناخت محمد مدثر کے نام سے ہوئی، پولیس نے بھی جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب ننکانہ صاحب کے علاقے کوٹ حسین کے قریب پولیس مقابلہ ہوا اس دوران فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار اور ایک شخص زخمی ہو گیا جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی ہونے والوں کی شناخت بابر، غلام مرتضیٰ اور احسن شاہ کے ناموں سے ہوئی۔