لاڑکانہ: (دنیا نیوز) لاڑکانہ میں مسلح افراد نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار کا بیٹا جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوستوں کے درمیان جھگڑے کے بعد پیش آیا جہاں معمولی بات پر سرگانی اور بھٹو برادری کے نوجوانوں نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں موجود 2 نوجوانوں کو گولیاں مار دیں، فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔
مرنے والے شخص کی شناخت احسن ابڑو کے نام سے ہوئی جو ہیڈ کانسٹیبل سرور ابڑو کا بیٹا ہے جبکہ زخمی کا نام سرفراز ابڑو بتایا گیا، پولیس نے لاش اور زخمی کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا جہاں زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے موقع سے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی میر روحل کھوسو نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریزرو انسپکٹر، لائن افسر اور ہیڈ محرر پولیس لائن کو معطل کر دیا، گرفتار ملزمان کو تھانہ سول لائن منتقل کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔