لکی مروت: (دنیا نیوز) لکی مروت کے علاقے گورکہ شاہ حسین کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں رات گئے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں بھٹہ خشت میں مزدوری کے لئے جانے والے 3 مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں فاروق، نقیب اور صالح خان شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
واقعہ کے خلاف لواحقین اور اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے تاجہ زئی اڈہ میں نعشیں سڑک پر رکھ کر انڈس ہائی وے بند کر دی، لواحقین کا کہنا ہے کہ مزدوروں کا کیا جرم تھا کہ انہیں بے دردی سے قتل کیا گیا،حکومت ہمیں انصاف فراہم کرے۔