لاہور: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کا بڑا نیٹ ورک ایف آئی اے لاہور کے شکنجے میں آ گیا۔
اینٹی ہیومین ٹریفکنگ سرکل لاہور نے کارروائی کی، پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کے قبضہ سے 15 سو زائد پاسپورٹ برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور کے مطابق پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کے 7 ملزموں کو گرفتارکر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں رضا، مدثر شاہ، ندیم شاہ، کبریا، حسنین شاہ، ثمر عباس اور عمیر احمد شامل ہیں۔
ملزموں سے 1532 پاکستانی پاسپورٹ، ایران، عراق اور دیگر ممالک کی جعلی مہریں اور دستاویزات برآمد ہو گئیں، ملزمان شہریوں کو زیارات ویزے پر ایران اور عراق بھجواتے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم غیر قانونی طریقے سے بارڈر کراسنگ کروانے اور فورس لیبر میں ملوث ہیں، ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی جی ایف آئی آے احمد اسحاق جہانگیر نے ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون اور ان کی ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز خان ورک نے کہا ہے کہ پاسپورٹ ایجنٹ مافیا اور انسانی سمگلر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔