مظفرگڑھ: (دنیا نیوز) مظفر گڑھ میں چائلڈ پورنوگرافی کا ایک اور بڑا کیس سامنے آگیا، چائلڈ پورنوگرافی کے حوالے سے کئی متاثرین کی ویڈیوز سامنے آگئیں، تھانہ صدر پولیس نے ملزم فرید گبول کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق موضع سردار آباد میں متعدد بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنا کر ان کی ویڈیوز بنائی گئیں، ایک متاثرہ لڑکے کے پولیس سے رابطہ کرنے پر معاملہ منظرعام پر آیا۔
حکام نے بتایا کہ متاثرہ لڑکے نے متعدد نازیبا ویڈیوز بھی پولیس کے حوالے کی ہیں، متاثرہ لڑکے نے بیان دیا کہ ملزم نے مجھ سمیت کئی بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنایا، ملزم نازیبا ویڈیوز بناکر متاثرہ بچوں کو بلیک میل بھی کرتا رہا، بچوں کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئیں۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ قانونی کارروائی کے لیے متاثرین سے رابطے کیے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل دائرہ دین پناہ میں بھی چائلڈ پورنوگرافی کا بین الاقوامی گینگ پکڑا گیا تھا، دائرہ دین پناہ میں ملزمان بچوں کی نازیبا ویڈیوز بناکر ڈارک ویب پر غیرملکی شہریوں کو بیچتے تھے۔