ملتان : ثانیہ زہرا قتل کیس میں مرکزی ملزم کو سزائے موت کا حکم

Published On 18 November,2025 10:11 pm

ملتان:(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر ملتان کے معروف ثانیہ زہرا قتل کیس میں سیشن کورٹ کا بڑا فیصلہ جاری ہوگیا۔

ایڈیشنل سیشن جج محسن علی خان نے مرکزی ملزم علی رضا کو موت کی سزا سنادی اور مقتولہ کے دیور حیدر رضا ، ساس عذرا پروین کو بھی عمر قید کا حکم دیا۔

مرکزی ملزم مقتولہ کے شوہر علی رضا کو ہتھکڑیوں میں پولیس کی حراست میں عدالت میں پیش کیا گیا ، جب کہ بری ہونے والوں میں سسر جیون شاہ ،نند دعا زارہ اور سابقہ بیوی مدیحہ شامل ہیں۔

مدعی مقدمی کی جانب سے کے وکلاء شہریار احسن اور میاں رضوان ستار نے حتمی دلائل مکمل کیے، ملزمان کے وکیل ضیاء الرحمان رندھاوا نے کیس کی پیروی کی، پراسکیوشن کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر میاں بلال نعیم پیش ہوئے۔

واضح رہے مقتولہ ثانیہ زہرا کی پھندا لگی لاش 9 جولائی 2024 کو سسرالی گھر کے کمرے سے برآمد ہوئی تھی، جس پر تھانہ نیو ملتان میں ثانیہ شاہ کے شوہر علی رضا ، دیور حیدر علی ، ساس عذرا پروین سمیت 6 افراد کو مقدمہ میں نامزد کیا گیا تھا، مقدمہ مقتولہ ثانیہ زہرا کے والد اسد عباس شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔