کراچی: رینجرز کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی، ماکھا گینگ کے 3 ملزمان گرفتار

کراچی: رینجرز  کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی، ماکھا گینگ کے 3 ملزمان گرفتار

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں حفیظ ولد عبدالحق، علی حسن ولد عبدالستار اور زوہیب ستو ولد شاہ نواز شامل ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے 3 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی، ملزمان شاہ ٹاون، پیپری، گکھڑ پھاٹک اور گلشن حدید کے دیگر علاقوں سے موبائل فون اور نقد رقم چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ ملزم زوہیب ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کے لئے پسٹل کرائے پر بھی دیتا تھا، گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں، جبکہ ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔

مزید برآں، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم ملزمان کو بمعہ برآمد شدہ سامان اور مزید قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔