وزیر داخلہ سندھ کا ایدھی ہوم سے 65 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات کا سخت نوٹس

وزیر داخلہ سندھ کا ایدھی ہوم سے 65 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات کا سخت نوٹس

وزیر داخلہ سندھ نے ایدھی ہوم کے ملازمین کی تنخواہوں کے 65 لاکھ روپے لوٹنے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ پولیس جدید تفتیشی ذرائع اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگائے اور لوٹی گئی رقم کی جلد از جلد برآمدگی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والا قابل احترام فلاحی ادارہ ہے، ایسے فلاحی ادارے کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ایدھی انتظامیہ سے رابطہ کرکے واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کی جائیں اور ہر پہلو سے شفاف و مؤثر تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ فلاحی اور سماجی اداروں کے اطراف حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں گے، شہریوں اور فلاحی اداروں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔