خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) شہرِ قائد میں بلٹ پروف اور لگژری گاڑیوں کی وائرل ویڈیو کے معاملے پر مزید تین افراد گرفتار کرکے لگژری گاڑی ضبط کرلی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے تینوں افراد کو حراست میں لیا گیا، جو وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور ہیں، پولیس نے ویڈیو بنوانے والے شہری کی لگژری گاڑی بھی ضبط کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی بکتر بند اور دیگر گاڑیاں تاحال برآمد نہیں کی جاسکیں، جبکہ لگژری گاڑیوں پر پولیس کی فلیشر لائٹس بھی نصب تھیں۔
دوسری جانب مقدمے میں نامزد بلٹ پروف گاڑیوں کی کمپنی کے مالک سے تاحال کوئی پوچھ گچھ نہیں کی گئی اور نہ ہی کمپنی کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ مذکورہ کمپنی ماضی میں بھی متعدد مرتبہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرچکی ہے اور کمپنی کے مالک کے خلاف پہلے بھی کارروائیاں ہوچکی ہیں،
دوسری جانب ساحل تھانے میں درج مقدمے میں اب تک کمپنی کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔