سندھ کے تین قلعے عالمی ثقافی ورثے کی ابتدائی فہرست میں شامل

سندھ کے تین قلعے عالمی ثقافی ورثے کی ابتدائی فہرست میں شامل

یونیسکو میں پاکستان کے نمائندے کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرکے متعلقہ حکام کو اس پیش رفت سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی فہرست میں شامل کیے گئے مقامات میں قلعہ نواں کوٹ، عمر کوٹ اور کوٹ ڈیجی خیرپور شامل ہیں، جو اپنی تاریخی اہمیت، قدیم طرز تعمیر اور ثقافتی ورثے کے حوالے سے نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔

سندھ کے محکمہ ثقافت میں ڈائریکٹر جنرل نوادرات و آثار قدیمہ فتح شیخ نے کہا کہ تاریخی مقامات کو عالمی ورثہ کی حتمی فہرست میں شامل کرنے سے قبل ابتدائی فہرست میں رکھا جاتا ہے، جہاں ان کے تاریخی، ثقافتی اور سائنسی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔

فتح شیخ نے کہا کہ ان قلعوں کی شمولیت سے نہ صرف سندھ کی تاریخ کو عالمی سطح پر پذیرائی ملے گی بلکہ سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’اب تک پاکستان کی 30 ہیریٹیج سائٹس ابتدائی فہرست میں شامل ہیں، جب کہ موہن جودڑو، ٹھٹھہ میں واقع مکلی سمیت 6 مقامات حتمی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔