کرونا وائرس: قرنطینہ میں فنکار دلچسپ ویڈیوز شیئر کرنے لگے

Last Updated On 25 March,2020 12:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے دنیا بھر میں لوگ احتیاطی تدابیر اپنائے ہوئے قرنطینہ میں زندگی گزار رہے ہیں، ان لمحات میں پاکستانی فنکار بھی قرنطینہ میں اپنی روزہ مرہ زندگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی عالمی تباہی کی لپٹ میں ہر کوئی ہے۔ جن لوگوں کو یہ نہیں لگی وہ اس کے خوف میں رہ رہے ہیں اور یہ خوف بالکل حقیقی ہے جس سے کوئی فرار نہیں۔ یہ وبا دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیل رہی ہے اور دنیا بھر میں اس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ فی الوقت اسے روکنے کا اگر کوئی طریقہ ہے تو وہ ہے خود کو روکنا، مطلب اپنے روز مرہ کی عادات میں تبدیلی لانا۔ اس میں ہاتھ دھونے سے لے کر ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے لے کر ان جگہوں پر اکٹھا ہونا شامل ہے جہاں مجمع زیادہ ہے۔ جتنا کم گھر سے نکلیں اتنا ہی بہتر ہے۔ بس یہ سمجھ لیں کہ کم ملنے سے محبت کم نہیں ہو رہی بلکہ اپنا اور دوسرے کا بھلا ہو رہا ہے۔

خوف اور دہشت کی علامت بننے والے جان لیوا کرونا وائرس سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لیے فنکاروں نے احتیاطاً خود کو گھروں میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ تاہم اس دوران فنکار سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں کی دلچسپ ویڈیوز بھی شیئر کررہے ہیں۔

اداکار یاسر حسین اور اقرا عزیز کی ایک مزاحیہ اور کافی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں یاسر اپنی بیوی اقرا کی چوٹی بناتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں اقرا عزیز کہہ رہی ہیں گھر میں بیٹھ کر ہم لوگ بوریت بھگانے کے لیے یہ کررہے ہیں اور یاسر حسین کہہ رہے ہیں بوریت کا یہ حال ہوگیا ہے۔

سابق کرکٹر وسیم اکرم کی بھی ایک نہایت دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ان کی بیٹی وسیم اکرم کے بالوں کی پونی بناکر ان کا ہیر اسٹائل بنارہی ہے اور وسیم اکرم بھی بڑے مزے سے اپنی بیٹی کا چشمہ لگائے اس سے ہیراسٹائل بنوارہے ہیں۔

اداکارہ مایا علی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کیا ہوا ہے اور پورے گھر کی صفائی کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں

میزبان و اداکارہ جویریہ سعود کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ گھر میں اپنے دونوں بچوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے لالا چیلنج کو پورا کررہی ہیں۔

مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر بھی اپنے شوہر یاسر نواز کے ہمراہ گھر میں وقت گزار رہی ہیں اور اس دوران دونوں میاں بیوی گھر کی صفائی کرنے میں مصروف ہیں۔ ویڈیو میں یاسر نواز کو گھر میں جھاڑو پونچھا لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
 

Advertisement