’سب آرام سے بیٹھیں، ہانیا کیساتھ رشتے پر کسی لیبل کی ضرورت نہیں‘
Last Updated On 24 July,2020 05:50 pm
لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ ہانیا عامر کے بیان کے بعد مداحوں کی جانب سے عاصم اظہر کو آڑے ہاتھوں لیا جارہا تھا لیکن اب عاصم اظہر نے خاموشی توڑتے ہوئے کرارا جواب دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق گلوکار نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر طویل پیغام شیئر کیا اور لکھا کہ میرے لیے شروع سے ہی یہ ایک آسان سفر نہیں رہا، تصور کریں میں نے 16 سال کی عمر میں اپنے آپ کو دنیا کے سامنے جج کرنے کے لیے چھوڑ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’تم تم گانا‘ آج بھی یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ ہے اور اس گانے کو صرف دس دنوں میں لاکھوں بار دیکھا گیا ہے اور یہ گزشتہ ہفتے ٹویٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ رہا۔
گلوکار نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ تنقید کا کافی مزہ آیا لیکن کبھی کبھی آپ لوگ حد سے آگے بڑھ جاتے ہیں اس کا تو خیال کرلیا کریں۔
عاصم اظہر نے کہا کہ الحمد للہ میں جہاں ہوں خوش اور مطمئن ہوں، اپنے آپ کو ایک بہتر بیٹا، ایک اچھا دوست، زبردست فنکار اور سب سے بڑھ کر اچھا انسان بنانے کی سمت میں کام کررہا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ ہم سب اپنے اندر خوشی اور سکون حاصل کریں گے اور تمام مسائل کا صبر کے ساتھ سامنا کریں گے۔
اپنے پیغام کے آخر میں گلوکار نے کہا کہ جیسا کے ہانیا نے کہا کہ ہمارا رشتہ ایسا ہے جو کسی بھی سوچ سے ہٹ کر ہے، میرے لیے یہ کسی بھی لیبل سے بڑھ کر ہے تو سارے آرام سے بیٹھو پھپھو بننے کی ضرورت نہیں ہے کسی کو بھی۔
اس معاملے سے ہٹ کر عاصم اظہر نے ایک خوشخبری بھی سنائی کہ ان کا نیا گانا ’سونیا‘ 23 جولائی کو ریلیز ہونے جارہا ہے۔