بالی ووڈ سٹار عامر خان کورونا وائرس کا شکار، خود کو قرنطینہ کر لیا

Published On 24 March,2021 09:20 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) انڈین فلم انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

عامر خان کی جانب سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سب اپنا کورونا ٹیسٹ لازمی کروائیں۔ انہوں نے صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں اور دعائیں کرنے پر اپنے مداحوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

خیال رہے کہ عامر خان سے قبل متعد بالی ووڈ ایکٹرز اس وبائی مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان اداکاروں میں نتیو سنگھ، ان کے صاحبزادے رنبیر کپور، سنی دیول، کارتک آریان اور دیگر شامل ہیں۔ خیال رہے کہ کارتک آریان اور اداکارہ تبو ایک ہی فلم میں کام کر رہے ہیں، کارتک کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد تبو نے بھی خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔

ابھی پچھلے دنوں ہی عامر خان نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ یہ اعلان انہوں نے اپنی 56ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ میری سوشل میڈیا پر آخری پوسٹ ہے۔

 

Advertisement