لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ ایشل فیاض نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بچپن میں میرے سوتیلے والد نے ان کیساتھ کئی بار جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ اداکارہ ایشل فیاض خلیل الرحمان قمر کی فلم ’’کاف کنگنا‘‘ میں کام کرچکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ خلیل الرحمان قمر کی ہی ایک اور فلم ’’میں ہوں تیری گلناز‘‘ میں کام کررہی ہیں۔
اداکارہ ایشل فیاض نے حال ہی میں شو کے دوران بچپن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ جب وہ تین یا چار سال کی تھیں تو ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد ان کی والدہ نے دوسری شادی کرلی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ تھوڑی بڑی ہوئیں تو انکے سوتیلے والد نے ان کیساتھ جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کی اور ایک بار نہیں بلکہ تین بار ان کے والد نے ان کے ساتھ یہ گھناؤنا کام کرنے کی کوشش کی اور جب چوتھی بار انہوں نے حملہ کیا تو ایشل نے اس بارے میں اپنی والدہ کو بتانے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس واقعے کے بارے میں پہلے اپنی بہن کو بتایا اور پھر ان دونوں نے اپنی والدہ کو بتایا۔
اداکارہ ایشل فیاض بچپن میں اپنے ساتھ ہوئے اس ناخوشگوار واقعے کو بتاتے ہوئے روپڑیں اور کہا کہ آج بھی جب وہ اس واقعے کو یاد کرتی ہیں تو انہیں بہت دکھ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری امی اور سوتیلے والد کے درمیان طلاق کی وجہ بھی یہی واقعہ بنا۔ اس واقعے کے بعد میری والدہ نے دوبارہ کبھی شادی نہیں کی۔