ٹک ٹاک کی وجہ سے لوگوں کے مرنے کی خبریں جھوٹی ہوتی ہیں: جنت مرزا

Published On 26 May,2021 05:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک سٹار جنت مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں چلنے والی خبریں کہ ٹک ٹاک سے کسی کی جان چلی گئی یہ سب جھوٹ ہوتا ہے۔

جنت مرزا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک کے ایس او پیز ہیں جن کے تحت آپ ویڈیو میں پستول نہیں دکھا سکتے۔ ہم اصل پستول کی جگہ ہاتھ کی انگلیوں سے پستول کی طرح اشارہ کرلیتے ہیں، تو یہ سب کہ جان کا چلے جانا، ٹرین کے نیچے آکے مرجانا یہ سب جھوٹ اور بے بنیاد ہے کیونکہ وہ شخص ایس او پیز کے مطابق ایسی ویڈیوز پوسٹ کر ہی نہیں سکتا۔

جنت کے اس بیان سے متعلق کچھ مداح متفق اور کچھ ناراض نظر آئے۔

مداحوں کی اکثریت نے ان کے بیان کو درست قرار دیا جب کہ کچھ لوگوں نے اپنے واقعات شیئر کرتے ہوئے انہیں مضحکہ خیز ٹھہرایا۔

دوسری جانب ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی لگنے سے متعلق پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں جنت مرزا نے کہا کہ میں اسکے حق میں نہیں ہوں کیونکہ بیروزگار لوگوں کا گھر اس سے چلتا ہے اور لوگ اس سے پیسے کماتے ہیں۔
 

Advertisement