ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارتی اداکارہ راکل پریت سنگھ بھارت میں بڑھتے جنسی زیادتی کے واقعات پر پھٹ پڑیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق راکل اخبارات میں جنسی زیادتی کے واقعات پڑھ پڑھ کر پریشان ہوگئی ہیں۔اداکارہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں نے حال ہی میں ریاست ہریانہ کے شہر مانیسر میں ایک جنسی زیادتی کے واقعے کے بارے میں پڑھا، مجھے اس جانب لوگوں کی توجہ مبذول کرانی ہے ، ایک طرف کورونا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور دوسری جانب ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
راکل پریت سنگھ نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ جب بھی ایسے واقعات کا علم ہوتا ہے تو میرا خون کھولنے لگتا ہے ، کبھی کبھار تو سمجھ نہیں آتی کہ زیادتی کرنے والوں کو کیا نام دیا جائے ؟ یہ کم از کم انسان تو نہیں ہوسکتے ۔