نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو طبیعت میں خرابی کے باعث ایک مرتبہ پھر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، ہسپتال میں انہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اداکار دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری کے سبب 6 جون 2021 کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور11 جون کو ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 98 سالہ اداکار دلیپ کمار کو رواں ماہ کی ابتدا میں طبیعت کی خرابی کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ تقریباً ہفتے تک زیرعلاج رہے تھے بعد ازاں طبیعت میں بہتری کے باعث انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
دلیپ کمار کی طبیعت ایک بار پھر ناساز ہوگئی ہے اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے. جس کے باعث انہیں ممبئی کے ہندوجا ہسپتال لے جایا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دلیپ کمار اس وقت آئی سی یو میں داخل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیپ صاحب کی طبیعت خراب ہونے پر اداکار کی عمر اور حال ہی میں ہسپتال میں داخل ہونے کی وجہ سے ان کے اہل خانہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں دوبارہ ہسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا۔ جہاں ڈاکٹرز ان کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں اوران کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔