نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ برصغیر کے مایا ناز اداکار اور بالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کا 98 برس کی عمر میں 7 جولائی 2021 کو انتقال ہوگیا تھا۔ ان کی موت کی خبر نے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے چاہنے والوں کو غمزدہ کردیا تھا۔ سائرہ بانو اپنے شوہر دلیپ کمار سے بے حد محبت کرتی تھیں اورآخری وقت تک ان کے ساتھ تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 77 سالہ اداکارہ سائرہ بانو جنہوں نے حال ہی میں شوہر اور برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو کھویا ہے ان کی بھی طبیعت ناساز ہوگئی ہے۔ سائرہ کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال منتقل کیاگیا ہے۔
سائرہ بانو کی طبیعت سے متعلق فی الحال زیادہ تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ انہیں اچانک کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے انہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔