ممبئی: (دنیا نیوز) شاہ رخ خان کا بیٹا منشیات کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ آریان خان کو ممبئی کے ساحل سے دور کروز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مارنے کے بعد این سی بی نے تحویل میں لے لیا۔
شاہ رخ خان کا بیٹا منشیات کے الزام میں حکام کی حراست میں، بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ممبئی کے ساحل سے دور کروز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر تین لڑکیوں سمیت 12 افراد کو حراست میں لیا، ان میں شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان بھی شامل تھا۔
شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے حکام نے پوچھ گچھ کی ہے۔ آریان کا موبائل فون ضبط کر کے اس کی اسکیننگ بھی کی گئی ہے۔
آریان خان کا کہنا تھا اسے پارٹی میں وی آئی پی گیسٹ کے طور پر دعوت دی گئی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آریان نے تحقیقات کے دوران شوقیہ طور پر ڈرگز لینے کی بات کو قبول کیا ہے۔ حکام نے ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مذکورہ جہاز ممبئی سے گوا جا رہا تھا، واقعے کے بعد اسے واپس ممبئی لایا گیا۔ شاہ رخ خان نے اس حوالے سے معروف وکیل سے رابطہ کر لیا ہے جس کی ٹیم این سی بی کے دفتر پہنچ گئی ہے۔