لاہور:(ویب ڈیسک)بھارتیوں کی جانب سے پہلے پاکستانی گانوں کو چوری کیا جاتا تھا جبکہ اب ڈراموں کو بھی کاپی کرنا شروع کردیا گیا ہے،معروف ڈرامہ'میرے پاس تم ہو' کی کاپی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مزاحیہ انداز میں تبصرے کئے جارہے ہیں۔
ایک بار پھر بھارت میں پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو کاپی کرکے ’’کامنا‘‘ نامی ڈراما بنایا گیا ہے، جو ہو بہو’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی نقل ہے۔ ڈرامے کا ٹریلر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران ہونے کے ساتھ ساتھ بھارتی ڈراما ساز پر تنقید بھی کررہے ہیں۔
’کامنا‘ کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ڈرامے کی سٹوری لائن، ڈائریکشن اور یہاں تک کہ کردار بھی ہو بہو ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ سے کاپی کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دلچسپی کا باعث بننے والی بات یہ ہے کہ بھارت میں پاکستانی ڈرامے کو کاپی کیے جانے کا الزام صرف پاکستانی ہی نہیں لگارہے بلکہ خود بھارتی شائقین نے بھی کہنا شروع کردیا ہے کہ ڈرامہ ’کامنا‘ پاکستانی ڈرامے ’میرے پاس تم ہو ‘ کی کاپی ہے جسے وہ پہلے ہی یوٹیوب پر دیکھ چکے ہیں۔