لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر اور اداکارہ متھیرا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی حمایت میں سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے عامر لیاقت پر نشہ کرنے اور نشے میں تشدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے طلاق کےلئے عدالت سے رجوع کیا۔ جس کے بعد عامر لیاقت نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مؤقف دیتے ہوئے اپنی تیسری بیوی دانیہ شاہ کے حوالے سے مبینہ ویڈیوز شیئر کیں۔
گزشتہ روز اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیو اور آڈیو میں عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ بے بس ہوں مجبور ہوں کہ حقیقت سے آشنا کروں۔ سینے پر بھاری بوجھ رکھے 4ماہ سے زندہ تھا۔
انہوں نے لکھا کہ گو کہ اب بھی زندہ ہوں لیکن کچھ حقائق آپ سے سانسیں چھین لیتے ہیں۔4ماہ کی شادی میں تین مرتبہ تین ماہ صرف بہاولپور آناجانا ہوا اور جب یہ حقائق سامنے آئے تو الٹا جھوٹے الزامات کے ساتھ تنسیخ نکاح کا دعوی کردیا گیا۔
اب اس معاملے میں اداکارہ متھیرا نے میدان میں اترتے ہوئے عامر لیاقت کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں عامر لیاقت کے لیے برا لگ رہا ہے۔
متھیرا نے انسٹا اسٹوری پر عامر لیاقت اور دانیہ شاہ کی طلاق کے معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ’’واہ سچ کہوں تو یہ افسوسناک ہے، اور ہاں بعض اوقات خواتین بھی شر ہوسکتی ہیں۔ ان (عامر لیاقت) کے لیے برا لگ رہا ہے۔
متھیرا نے دانیہ شاہ کے حوالے سے کہا کہ اس نے ایک زبردست شو پیش کیا جس نے سب کو یقین دلایا کہ وہ ان سے پیار کرتی ہے۔