ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن ( سی بی ایف سی ) نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’ پٹھان ‘‘ کو ملک میں ریلیز کرنے کی اجازت دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار شاہ رخ خان کی تنازعات کا شکار ’’ پٹھان ‘‘ پر اُٹھنے والے اعتراضات دور ہونے کے بعد سی بی ایف سی کی جانب سے فلم کو بھارت میں نمائش کی اجازت دے دی گئی۔
سی بی ایف سی کے سرٹیفیکیٹ کے مطابق ’’ پٹھان ‘‘ سے کچھ قابلِ اعتراض ڈائیلاگز کو تبدیل اور فلم کے متنازع گانے بے شرم رنگ سے اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے کچھ کلوز اَپ شاٹس کو ہٹا دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلم سے جن الفاظ کو نکالنے یا تبدیل کرنے کے لیے کہا گیا تھا ان میں لفظ ’’ را ‘‘ کی جگہ لفظ ’’ ہمارے ‘‘ اور ’’ لنگڑے لولے ‘‘ کی بجائے ’’ ٹوٹے پھوٹے ‘‘ کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی نئی فلم ’’ پٹھان ‘‘ کے خلاف مختلف بھارتی ریاستوں میں متعدد مظاہرے ہوئے ہیں جبکہ کئی مظاہروں کے دوران اداکاروں کے پتلے بھی نذر آتش کیئے گئے ہیں جس کے بعد سی بی ایف سی کی جانب سے فلم میں چند اہم تبدیلیوں کی تجویز دی گئی تھی۔