لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین شکیل صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک بار بھارتی شہریت کی پیشکش کی گئی تھی جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔
شکیل صدیقی کو انڈسٹری کا حصہ بنے کئی سال ہوچکے ہیں اور انہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں بھی خوب نام کمایا ہے، انہوں نے کئی سالوں تک ہندوستان میں کام کیا اور سرحد پار بھی انکے لاکھوں مداح ہیں، وہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور اکشے کمار سمیت بالی ووڈ کے دیگر بڑے ستاروں کے ساتھ پرفارم کر چکے ہیں۔
حال ہی میں معروف کامیڈین نے ایک ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق اپنی زندگی کے بہت سے تجربات شیئر کیے، ہندوستان میں کام کرنے کے بارے میں بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں ایک بار ہندوستانی شہریت کی پیشکش کی گئی تھی۔
شکیل صدیقی نے بتایا کہ ایک دوست نے ایک بار کہا کہ وہ انہیں ہندوستانی شہریت لے کر دے سکتا ہے لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
اداکار نے کہا کہ وہ ہندوستانیوں کا احترام کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے دوست سے کہا کہ جو شخص اپنی ماں کی عزت نہیں کرتا وہ آپ کی بھی عزت نہیں کرے گا اس لیے میں ہندوستانی شہریت کے لیے پیشکش قبول نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری رائے میں شہریت کا حصول کوئی غلط بات بھی نہیں ہے کیونکہ بہت سے پاکستانی امریکی شہریت بھی لیتے ہیں۔