لاہور: (ویب ڈیسک) میزبانی سے اداکاری تک کا سفر طے کرنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو میزبان و اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی فلموں سے زیادہ ڈرامے پسند ہیں۔
پاکستانی ڈراموں کو ان کی حقیقت سے قریب ترین اور مختصر کہانیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پسند اور شوق سے دیکھا جاتا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے گزشتہ دنوں ایک نجی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
میزبان نے اداکارہ سے پسندیدہ فلم کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کون سی فلم ہے جس کے ری میک میں کام کرنا چاہیں گی۔
ایک کے بعد ایک سُپر ہٹ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ پاکستانی فلمیں نہیں دیکھتیں بلکہ فارغ وقت میں پاکستانی ڈراموں کو ترجیح دیتی ہیں۔
انہوں نے اپنے پسندیدہ پاکستانی ڈراموں کے بارے میں بتایا کہ مجھے کئی پاکستانی ڈرامے پسند ہیں جیسے دھوپ کنارے، اَن کہی اور داستان لیکن ایک ڈرامہ ایسا ہے جو بہت زیادہ پسند ہے۔
ماہرہ خان نے کہا کہ مجھے عمیرہ احمد کا تحریر کردہ ڈرامہ سیریل دام بہت زیادہ پسند ہے اور میرے خیال سے یہ ایک ایسا ڈرامہ ہے جسے ہر کسی کو دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ڈرامے کبھی پرانے نہیں ہوسکتے بلکہ انہیں ’کلاسک‘ کہنا چاہیئے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم انڈسٹری میں کچھ الگ دکھانا چاہتے ہیں تو ہمیں نوجوان مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسرز کو موقع دینا ہوگا۔