فلسطینیوں کی نسل کشی پر خاموشی، اشنا شاہ کا ہالی ووڈ اداکاروں کے بائیکاٹ کا مطالبہ

Published On 13 November,2023 11:01 am

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر خاموش رہنے پر ہالی ووڈ اداکاروں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کردیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اداکارہ اشنا شاہ نے ہالی ووڈ کے اداکاروں اور سٹارز کی ایک طویل فہرست پوسٹ کی جو فلسطینیوں کی نسل پر آواز نہیں اٹھا رہے۔

اشنا شاہ نے اپنی ایکس پوسٹ میں صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج سے دنیا بھر کی مشہور شخصیات کا بائیکاٹ کرنا شروع کریں جو اسرائیل کی دہشتگردی کے خلاف خاموش ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہالی ووڈ سٹارز سے بائیکاٹ کا آغاز کرتے ہیں، میں نے جو فہرست پوسٹ کی ہے اس میں موجود تمام ہالی ووڈ سٹارز کو سوشل میڈیا سے ان فالو کریں اور یہ عہد کریں کہ آپ ان کی کوئی فلم نہیں دیکھیں گے، نہ ان کے گانے سنیں گے اور نہ ہی ان کی کوئی پراڈکٹ خریدیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فہرست میں کچھ نام ایسے ہیں جنہیں آپ پہچانتے ہوں گے جبکہ کچھ کے بارے میں آپ کو معلوم نہیں ہوگا لیکن آپ مکمل فہرست دیکھیں۔

انہوں نے مداحوں سے مطالبہ کیا کہ ایک ایک کر کے تمام شخصیات کا بائیکاٹ کریں، آپ ہی سٹارز کی طاقت ہیں، آپ کے اس اقدام سے بہت فرق پڑے گا۔

Advertisement