لاہور: (عثمان فیاض) معروف اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار نبیل ظفر نے آٹو گراف لینے کیلئے آنے والی مداح سے شادی کا انکشاف کر دیا۔
حال ہی میں اداکار نبیل ظفر نے دنیا نیوز کے مقبول ترین شو ’مذاق رات‘ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
اداکار نے شادی اور محبت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ ان کی مداح تھیں، جو ان سے آٹوگراف مانگنے آئی تھیں اور وہیں سے ان کا سلسلہ شروع ہوا، انہوں نے آٹوگراف کے بجائے نکاح نامے پر دستخط کئے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی اور ان کی اہلیہ کی پہلی بار سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے ریلوے سٹیشن پر ملاقات ہوئی تھی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے نبیل ظفر نے اپنے مقبول ترین پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈرامے ’دھواں‘ کی یادیں بھی شیئر کیں اور بتایا کہ ان کی موت کا منظر دیکھ کر ان کی والدہ بھی افسردہ ہوگئی تھیں۔
ان کے مطابق دھواں ڈرامے میں ان کی موت کے منظر سے اس وقت پوری قوم مایوس ہوگئی تھی اور وہ پہلے ہی گھر میں بڑے بھائی کو بتا کر گئے تھے کہ ان کی موت کا منظر والدہ کو نہ دکھایا جائے۔
’گزر بسر کیلئے ’بُلبلے‘ بنایا، جسے ڈیڑھ لاکھ روپے میں بیچا‘
سنجیدہ کرداروں کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے کے بعد اچانک ’بُلبلے‘ جیسے کامیڈی ڈرامے بنانے کے سوال پر نبیل ظفر نے بتایا کہ دراصل 2009 تک ان کی مالی حالت کمزور ہو چکی تھی اور ان کے بچے بھی ہو چکے تھے، جن کی تعلیم اور دیگر اخراجات کیلئے وہ پریشان تھے۔
اداکار نے کہا کہ بچوں کے اخراجات کیلئے پیسے بنانے کے چکر میں پہلے اپنا پروڈکشن ہاؤس بنایا اور پھر اُدھار پر ’بُلبلے‘ بنایا، ہدایت کار اور ڈراما لکھاری کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ابھی ان کے پاس پیسے نہیں ہیں، وہ جیسے ہی ڈرامے کو فروخت کریں گے اور انہیں پیسے ملیں گے تو وہ انہیں پیسے دے دیں گے۔
نبیل ظفر کا مزید کہنا تھا کہ خرچہ بچانے کیلئے انہوں نے خود بھی ’بُلبلے‘ میں کردار ادا کیا اور انہوں نے اس وقت ڈرامے کو ڈیڑھ لاکھ روپے میں چینل کو فروخت کیا تھا۔