لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف اداکار فواد خان اپنی نئی فلم کے ساتھ آٹھ سال بعد بالی ووڈ میں واپسی کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فواد خان بہت جلد بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور کے ساتھ نئی فلم میں جلوہ گر ہوں گے، فلم کی شوٹنگ کا آغاز بہت جلد لندن میں ہوگا۔
فواد خان نے سال 2014 میں فلم ’خوبصورت‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا، اس فلم میں اُن کے ساتھ سونم کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، اس کے بعد اُنہوں نے بالی ووڈ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی کام کیا تھا۔
ان تینوں فلموں کے بعد بھارت میں فواد خان کی فین فالوونگ میں اضافہ ہوگیا تھا، مداح نہ صرف اداکار کے کام کے دیوانے ہوئے بلکہ اُن کی پُرکشش شخصیت کے بھی گرویدہ ہوئے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے بعد، پاکستانی فنکاروں پر بالی ووڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد ہوگئی تھی جبکہ بھارتی مداح فواد خان کو دوبارہ اپنی فلموں میں دیکھنے کے خواہشمند تھے، تاہم اب اُن کی خواہش پوری ہونے جارہی ہے۔