ممبئی: (ویب ڈیسک) 3 کروڑ روپے سے بننے والی بھارتی فلم نے 136 کروڑ روپے کما کر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا۔
2024 بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے شاندار سال رہا، دو ہندوستانی فلموں پشپا اور کلکی نے عالمی باکس آفس پر 1000 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کمائے تاہم سب سے زیادہ منافع بخش فلم کا اعزاز ایک ایسی فلم کو ملا جس کا بجٹ صرف 3 کروڑ تھا۔
اس فلم کی سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس میں کوئی بڑا سپر سٹار یا معروف اداکارہ بھی شامل نہیں تھیں، ملیالم رومانوی ڈرامہ فلم ’پریمالو‘ بھارت کی 2024 کی سب سے منافع بخش بھارتی فلم بن گئی ہے۔
3 کروڑ روپے کے انتہائی کم بجٹ پر بنائی گئی اس فلم نے بڑی کامیابی حاصل کی اور 136 کروڑ کا حیرت انگیز بزنس کیا۔
یہ فلم نہ صرف 2024 کی سب سے کامیاب ملیالم فلموں میں سے ایک بن چکی ہے بلکہ بھارتی سنیما کی تاریخ میں ایک غیرمعمولی کامیابی کے طور پر یاد کی جائے گی کیونکہ اس فلم نے اپنی لاگت سے کئی گنا زیادہ کمائی کی ہے۔
یاد رہے کہ پریمالو کی 45 گنا منافع بخش کارکردگی نے بڑی فلموں جیسے 1800 کروڑ کمانے والی’پشپا 2‘ اور کلکی سمیت استری 2 کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن کی پروڈکشن لاگت کے مقابلے میں منافع کی شرح نسبتاً کم رہی۔