پاکستان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس بڑھنے لگا

Published On 07 January,2025 08:15 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی بڑھنے لگی۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 7 سالوں میں پاکستان بھر سے پولیو وائرس کی ٹرانسمیشن میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 7 سالوں میں 2024 میں سب سے زیادہ 622 مرتبہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا، 2023 میں 127، 2022 میں41، 2021 میں 65 مرتبہ پولیو وائرس پایا گیا۔

اسی طرح 2020 میں 438، 2019 میں 391 اور 2018 میں 139 مرتبہ پولیو وائرس کے نمونے مثبت آئے ، عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں پولیو کے حوالے سے سفری پابندی میں مزید توسیع کر دی جبکہ 2023 کے وسط سے پاکستان میں پولیو وائرس کی ٹرانسمیشن اور پولیو کیسز میں تیزی دیکھی گئی ۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم کو متعدد چینلجز کا سامنا ہے، کراچی ، پشاور او کوئٹہ کے علاقوں میں پولیو وائرس کی دوبارہ سے موجودگی دیکھی جا رہی ہے ، پاکستان اور افغانستان نے دسمبر 2025 تک پولیو وائرس کی ٹرانسمیشن کو روکنا ہے۔

رپورٹ میں عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 2027 تک پولیو وائرس کا خاتمہ کرنا ہے۔