ممبئی: (ویب ڈیسک) نامور بالی ووڈ فلم ساز بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور نے کہا ہے کہ لوگ اداکاراؤں کو عدم تحفظ کا شکار بنانا چاہتے ہیں۔
بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ خوشی کپور نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم ’دی آرچیز‘ سے کیا تھا تاہم اب وہ بڑے پردے پر اپنی نئی فلم ’لوویاپا‘ کے ذریعے نظر آئیں گی۔
ایک انٹرویو میں خوشی نے بتایا کہ ’لوویاپا‘ کی کہانی جدید، نوجوانوں سے متعلق اور مختلف ہے جس نے انہیں اس پروجیکٹ کی طرف متوجہ کیا، فلم میں ان کا کردار ان کی اصل شخصیت سے بہت مختلف ہے جس کی وجہ سے یہ ایک چیلنج تھا۔
خوشی نے سوشل میڈیا کے دباؤ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نجی زندگی کو محفوظ رکھنا چاہتی ہیں اور ہر چیز شیئر کرنا ضروری نہیں سمجھتیں، سوشل میڈیا پر اداکاراؤں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا ایک افسوسناک رویہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ لوگ اداکاراؤں کو عدم تحفظ کا شکار بنانا چاہتے ہیں جبکہ ہر اداکارہ کے اپنے منفرد ہنر ہوتے ہیں، ہمیں خود پر یقین رکھنا چاہیے اور ان باتوں پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔