سوناکشی سنہا نے بھارتی نیوز چینلز کو سرکس اور گندگی قرار دے دیا

Published On 09 May,2025 10:32 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی نے بھارتی میڈیا کو ہنگامہ خیز خبروں کی دوڑ میں لگا دیا ہے، لیکن اس شور میں بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر کھل کر تنقید کی ہے۔

سوناکشی نے نہ صرف جنگ جیسے حساس موضوع پر میڈیا کے رویے کو بے نقاب کیا بلکہ عوام سے اپیل کی کہ وہ سنسنی خیزی کے بجائے سچائی پر مبنی خبریں دیکھیں۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات ایک بار پھر تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں، اپریل 2025 میں بھارت کی جانب سے پہلگام میں جعلی کارروائیاں (False Flag Operations) کی گئیں، جس کے بعد پاکستان پر متعدد حملے کیے گئے۔

ان حملوں کے ردعمل میں پاکستان نے بھرپور جواب دیا، بھارتی فوجی چیک پوسٹیں تباہ کیں اور کئی ڈرونز و طیارے مار گرائے، اس تمام صورتحال پر بھارتی میڈیا نے گزشتہ رات جنگی جوش میں جھوٹ پر مبنی خبریں نشر کیں اور کئی فرضی فتوحات کا دعویٰ کیا۔

بعض اینکرز نے جذباتی انداز میں مستقبل کی جنگی حکمت عملی پر تبصرے بھی کیے، جس کے بعد بھارتی وزارتِ دفاع کو میڈیا کے لیے تنبیہی پیغام جاری کرنا پڑا۔

اسی تناظر میں بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا اور انسٹاگرام پر ایک سخت نوٹ شیئر کیا، اپنے بیان میں سوناکشی نے لکھاکہ، ہمارے نیوز چینلز مذاق بن چکے ہیں! میں ان ڈرامائی ویژولز، چیخ و پکار اور بے بنیاد خبروں سے تنگ آ چکی ہوں، آپ لوگ کیا کر رہے ہیں؟ بس اپنا کام کریں، جیسا ہے ویسا ہی سچ رپورٹ کریں۔

انہوں نے مزید کہا جنگ کو سنسنی خیز نہ بنائیں، پہلے ہی لوگ پریشان ہیں، خدا کے لیے عوام میں خوف پھیلانا بند کریں، لوگو! ایک قابلِ اعتماد ذریعہ تلاش کریں اور بس اُسی کو دیکھیں، یہ کوڑا کرکٹ بند کریں جو نیوز کے نام پر دکھایا جا رہا ہے۔

سوناکشی کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر وسیع پذیرائی ملی اور کئی صارفین نے ان کی جرات مندی کی تعریف کی کہ انہوں نے ایسے وقت میں سچ بولنے کی ہمت کی جب بھارتی میڈیا جذبات میں بہہ کر عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں صورتحال نازک ہے اور میڈیا کے رویے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔