دی لائن کنگ کے شریک کار راجر ایلرز انتقال کر گئے

دی لائن کنگ کے شریک کار راجر ایلرز انتقال کر گئے

راجر ایلرز کے انتقال سے عالمی اینیمیشن انڈسٹری ایک ایسے عظیم تخلیق کار سے محروم ہو گئی ہے جن کے فن نے کروڑوں ناظرین کے بچپن کی یادوں کو شکل دی۔

انہوں نے ڈزنی کی کئی لازوال اینیمیٹڈ فلموں کی تخلیق میں کلیدی کردار ادا کیا جن میں دی لائن کنگ، الادین، دی لِٹل مرمیڈ اور بیوٹی اینڈ دی بیسٹ شامل ہیں جبکہ ان کی وفات کی تصدیق ان کے قریبی ساتھی اور پروڈیوسر ڈیو بوسرٹ نے کی۔

ڈیو بوسرٹ کے مطابق وہ چند روز قبل ہی مصر کے سفر کے دوران راجر ایلرز سے ای میل کے ذریعے رابطے میں تھے جس کے باعث ان کی وفات کی خبر مزید ناقابلِ یقین محسوس ہو رہی ہے، انہوں نے راجر ایلرز کو ڈزنی اینیمیشن کے سنہری دور کا ایک مضبوط ستون قرار دیا۔

راجر ایلرز نے اپنے کیریئر کا آغاز 1982 میں فلم ٹرون کے لیے سٹوری بورڈ آرٹسٹ کے طور پر کیا، انہوں نے اولیور اینڈ کمپنی اور دی لِٹل مرمیڈ پر کام کیا جبکہ بیوٹی اینڈ دی بیسٹ میں ہیڈ آف سٹوری کی حیثیت سے نمایاں مقام حاصل کیا۔

1994 میں فلم دی لائن کنگ کی مشترکہ ہدایت کاری نے انہیں عالمی شہرت دلائی اور یہ فلم اینیمیشن کی تاریخ کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے، ساتھی فنکاروں کے مطابق راجر ایلرز اپنی عاجزی، شفقت اور خوش مزاج شخصیت کے لیے جانے جاتے تھے، ان کی تخلیقی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔