تفریح
خلاصہ
- لاہور: (محمد اشفاق) ضلع کچہری لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے جوئے ایپس کی پروموشن سے متعلق مقدمے میں معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کے فریز بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے انہیں یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی مشروط اجازت بھی دے دی۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کی، ملزم سعد الرحمان اپنی اہلیہ عروب جتوئی اور وکلا بیرسٹر امرت شیخ اور عثمان لطیف ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے ڈکی بھائی کے منجمد بینک اکاؤنٹس بحال کرتے ہوئے انہیں یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت دی، تاہم شرط عائد کی کہ عدالت میں زیرِ التوا کیس سے متعلق اپنے چینل پر کوئی گفتگو نہیں کی جائے گی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کے یوٹیوب چینل پر موجود 27 ویڈیوز پر این سی سی آئی اے کو اعتراض ہے تاہم ان ویڈیوز کو حذف نہیں کیا جائے گا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔
عدالتی کارروائی کے بعد ڈکی بھائی کے وکلا نے احاطہ عدالت میں دس ملین فالوورز مکمل ہونے پر انہیں شیلڈ بھی پیش کی۔