خلاصہ
- کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز کی ابھرتی ہوئی اداکارہ قدسیہ علی کا کہنا ہے کہ جو خواتین بچپن میں والدین کی محبت سے محروم رہتی ہیں، وہ عدم تحفظ کا شکار ہو کر وقتی محبت کو بھی حقیقی سمجھ کر قبول کر لیتی ہیں۔
حال ہی میں اداکار عباس اشرف اور قدسیہ علی نے ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے آج کے مردوں اور خواتین کے رویّوں سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران عباس اشرف اعوان نے کہا کہ میرے خیال میں مردوں میں خود پسندی اور برتری کا احساس زیادہ تر والدین کی تربیت کا نتیجہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین اکثر اپنے بیٹوں کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ وہ دوسروں سے برتر ہیں، خاندان کے اصل وارث ہیں اور ہر چیز پر ان کا زیادہ حق ہے۔
عباس اشرف کے مطابق اگر والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بیٹے منفی خود پسند شخصیت کا شکار نہ ہوں تو انہیں بیٹوں اور بیٹیوں، دونوں کی یکساں تربیت کرنی چاہیے اور دونوں کو برابر کی اہمیت دینی چاہیے۔
دوسری جانب قدسیہ علی نے اس سوال پر اظہارِ خیال کیا کہ بعض خواتین تعلقات میں اپنی ذات کو کیوں نظر انداز کر دیتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سی خواتین بچپن میں والدین کی محبت سے محروم رہتی ہیں، جس کی وجہ سے جب انہیں کسی بھی شکل میں محبت کی معمولی سی جھلک ملتی ہے تو وہ ہر طرح کا رویہ برداشت کرنے لگتی ہیں۔
ان کے مطابق ایسی خواتین وقتی محبت کو بھی حقیقی سمجھ کر قبول کر لیتی ہیں کیونکہ وہ شدید عدم تحفظ کا شکار ہوتی ہیں۔
قدسیہ علی نے مزید کہا کہ میں خود بھی ماضی میں عدم تحفظ کے احساس سے گزری ہوں، تاہم وقت کے ساتھ میں نے اس پر قابو پانے کے لیے خود پر کام کیا اور اپنی شخصیت کو بہتر بنانے کی کوشش کی۔