نادیہ افگن کی آوارہ کتوں کے خلاف تشدد کی مخالفت، بچوں کو رحم دلی سکھانے پر زور

نادیہ افگن کی آوارہ کتوں کے خلاف تشدد کی مخالفت، بچوں کو رحم دلی سکھانے پر زور

ایک گفتگو کے دوران نادیہ افگن نے کہا کہ معاشرے میں کتوں کو مارنے کا رجحان بچوں پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے اور انہیں یہ پیغام ملتا ہے کہ ہر مسئلے کا حل تشدد ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ سڑکیں بچوں اور جانوروں سمیت کسی کے لیے بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں، تاہم آوارہ کتوں کو مارنے کے بجائے ان کی ویکسینیشن، خوراک اور دیکھ بھال کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

نادیہ افگن نے کہا کہ کتوں کو زہر دے کر یا گولیاں مار کر ختم کرنے کے بجائے انہیں ویکسین لگائی جائے تو نہ صرف بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے بلکہ سڑکوں کو بھی زیادہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اپنے بچپن کی یادیں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر میں بھی ایک کتا تھا، ان کی والدہ کو جانوروں کو بچانے اور ان کی دیکھ بھال کا شوق تھا، جو انہیں اپنی والدہ کی جانب سے نانی سے ورثے میں ملا تھا۔

نادیہ افگن نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی تربیت میں جانوروں کے ساتھ حسنِ سلوک اور رحم دلی کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ معاشرے میں تشدد کے بجائے ہمدردی اور ذمہ داری کا رویہ فروغ پا سکے۔