'اماں نے اسلام قبول کر لیا تھا': شرمیلا ٹیگور کی بیٹی کا انکشاف

'اماں نے اسلام قبول کر لیا تھا': شرمیلا ٹیگور کی بیٹی کا انکشاف

حال ہی میں یوٹیوب چینل ’بگ بالی ووڈ بفز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صبا پٹودی نے اپنے مذہب کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مذہب اسلام ہے اور وہ اس سے دلی وابستگی رکھتی ہیں، تاہم وہ دیگر مذاہب کا بھی مکمل احترام کرتی ہیں۔

صبا پٹودی کے مطابق ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور، جنہیں وہ پیار سے ’اماں‘ کہتی ہیں، نے منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا تھا، بعدازاں انہوں نے اپنے بچوں کو بھی اسلام کے بارے میں رہنمائی دی تاکہ وہ مذہب کے حوالے سے کسی الجھن کا شکار نہ ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر میں ہندو مذہب کی باقاعدہ مذہبی رسومات نہیں ہوتیں تھیں، تاہم ان کی والدہ نے انہیں اسلام، رمضان اور دیگر مذہبی امور کے بارے میں سمجھایا، اس کے بعد بچوں کو اپنی مرضی کے مطابق مذہبی راستہ اختیار کرنے کی آزادی حاصل تھی۔

صبا پٹودی نے کہا کہ ان کے گھر میں کسی مذہب کو زبردستی مسلط نہیں کیا گیا، وہ بچپن سے عید کے ساتھ کرسمس، دیوالی اور ہولی سمیت مختلف تہوار بھی مل جل کر مناتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عقیدہ ہر انسان کا ذاتی معاملہ ہے اور اسے کسی دوسرے شخص پر زبردستی مسلط نہیں کیا جاسکتا، ان کے بہن بھائیوں نے بھی مختلف مذاہب میں شادیاں کیں اور ان کے خاندان میں مذہب کے معاملے پر غیر معمولی سختی نہیں برتی جاتی۔

اس سے قبل صبا کے بھائی سیف علی خان بھی اپنے بچوں کی مذہبی تربیت کے حوالے سے بات کرچکے ہیں، ایک پروگرام میں سیف علی خان نے بتایا تھا کہ وہ اپنے بچوں تیمور اور جہانگیر کو یہ سکھاتے ہیں کہ خدا ایک ہے، تاہم اسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔

پٹودی خاندان میں مختلف مذاہب میں شادیوں کی ایک طویل روایت بھی رہی ہے، سیف علی خان کی پہلی شادی اداکارہ امرتا سنگھ اور دوسری شادی اداکارہ کرینہ کپور سے ہوئی، جبکہ ان کی بہن سوہا علی خان نے ہندو اداکار کنال کھیمو سے شادی کی۔

دوسری جانب شرمیلا ٹیگور بھی ماضی میں اپنے مذہب تبدیل کرنے کے تجربے پر بات کرچکی ہیں، اداکارہ نے ایک پرانے انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے اسلام قبول کیا اور منصور علی خان پٹودی سے شادی سے قبل ان کا نام ’عائشہ‘ رکھا گیا تھا۔

شرمیلا ٹیگور نے اس تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام قبول کرنا نہ تو بہت آسان تھا اور نہ ہی بہت مشکل،اس دوران انہیں ہندو مذہب اور اسلام دونوں کو مزید سمجھنے کا موقع ملا۔