دبئی کا میگا میوزک فیسٹیول اَن ٹولڈ نومبر میں دوبارہ رنگ جمائے گا

دبئی کا میگا میوزک فیسٹیول اَن ٹولڈ نومبر میں دوبارہ رنگ جمائے گا

سرکاری معلومات کے مطابق رواں سال فیسٹیول ’’ریٹرن ٹو ونڈر‘‘ کے تھیم کے تحت چار روز اور چار راتوں پر مشتمل ہوگا، جس میں دبئی پارکس اینڈ ریزورٹس کو ایک وسیع موسیقی اور تفریحی مقام میں تبدیل کیا جائے گا۔

اَن ٹولڈ دبئی کو دبئی کا پہلا میگا فیسٹیول قرار دیا جا رہا ہے، جہاں الیکٹرانک ڈانس میوزک، ٹیکنو، آر اینڈ بی، ہپ ہاپ، پاپ اور دیگر موسیقی کے انداز پیش کئے جائیں گے، فیسٹیول کے 2026 ایڈیشن کیلئے مکمل فنکاروں کی فہرست ابھی جاری نہیں کی گئی، تاہم منتظمین کے مطابق بڑے عالمی فنکاروں کے ناموں کا اعلان جلد متوقع ہے۔

فیسٹیول کیلئے پاسز اور ٹکٹوں کی معلومات بھی جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ 5 سے 8 نومبر کی تاریخیں باضابطہ طور پر درج ہیں، دبئی پارکس اینڈ ریزورٹس میں انعقاد کے باعث شائقین کو موسیقی کے ساتھ دبئی کے بڑے تھیم پارکس اور تفریحی تجربات سے بھی لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا، جس سے یہ ایونٹ صرف میوزک شو نہیں بلکہ مکمل تفریح، سیاحت اور لائف اسٹائل کا تجربہ بن جائے گا۔

یہ اَن ٹولڈ دبئی کا تیسرا ایڈیشن ہوگا، جو دبئی کے عالمی ایونٹس کیلنڈر میں ایک اہم اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔

گزشتہ ایڈیشنز کے بعد 2026 کا فیسٹیول دبئی کی لائیو انٹرٹینمنٹ انڈسٹری، سیاحت اور نائٹ لائف کیلئے ایک اور نمایاں موقع ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ عالمی موسیقی کے شائقین کیلئے نومبر میں دبئی دوبارہ بڑے فیسٹیول سیزن کا مرکز بنے گا۔