خلاصہ
- کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز کی مقبول جوڑی ماورا حسین اور امیر گیلانی ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں دونوں کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش سے متعلق قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں۔
ماورا حسین اور امیر گیلانی کی دوستی کا آغاز ایک ساتھ کام کرنے کے دوران ہوا، جس کے بعد دونوں نے فروری 2025 میں ایک شاندار تقریب میں شادی کی تھی۔شادی کے بعد سے یہ جوڑی مداحوں کی خاص توجہ حاصل کرتی رہی ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ماورا حسین کے ممکنہ حمل سے متعلق بھی سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں، خصوصاً اس وقت جب وہ ڈرامہ ’ونٹر لو‘ میں اداکاری کر رہی تھیں۔
حالیہ دنوں میں ماورا حسین نے اپنی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر شیئر کیں، جن کے بعد مداحوں نے ایک مرتبہ پھر ان کے والدین بننے سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کردیں۔
قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب اداکارہ نے ایک کیک کی تصویر شیئر کی، جس پر انہیں ’سب سے پیاری ماما‘ لکھ کر مخاطب کیا گیا تھا، تاہم ماورا حسین نے بعد ازاں یہ تصویر سوشل میڈیا سے حذف کردی۔
کیک کی تصویر شیئر کیے جانے اور پھر حذف کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، بعض صارفین نے اسے جوڑے کی جانب سے خوشخبری چھپانے کی کوشش قرار دیا، جبکہ کچھ نے دونوں کے نجی معاملات پر تبصرے بھی کیے۔
تاہم اہم بات یہ ہے کہ ماورا حسین اور امیر گیلانی کی جانب سے تاحال پہلے بچے کی پیدائش یا والدین بننے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان یا تصدیق سامنے نہیں آئی، اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ باتیں فی الحال محض قیاس آرائیاں ہیں۔