خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں بنگلہ دیشی ثقافتی شام کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں 15 رکنی بنگلہ دیشی ثقافتی وفد نے موسیقی، انفرادی گائیکی اور روایتی رقص کی دلکش پرفارمنسز پیش کرکے اپنے ملک کے ثقافتی ورثے اور فنون کی خوبصورت عکاسی کی۔
رنگا رنگ ایونٹ میں وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی، پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان، سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی تعاون، فنکاروں کے باہمی دوروں، تخلیقی تجربات کے تبادلے اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی روایات سمجھنے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
اورنگزیب کھچی نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیشی ثقافتی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے فنکاروں کے باہمی دوروں اور تخلیقی تجربات کے تبادلے کی راہ ہموار کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی تعاون اور عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایسے پروگرام اہم کردار ادا کرتے ہیں، ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے فن، روایات اور ثقافتی تنوع سے آگاہ ہونے کا موقع ملتا ہے۔
سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی نے بنگلہ دیشی فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنکاروں نے اپنے ملک کے ثقافتی ورثے کو خوبصورتی سے پیش کیا اور کہا کہ ثقافتی تبادلے فنکاروں کو اپنے تجربات بانٹنے، نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور روایتی فنون کے تحفظ کے لیے مؤثر مواقع فراہم کرتے ہیں۔
.jpg)
اسد رحمان گیلانی کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست فضائی رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے سفر کو آسان بنانے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسیقی، ادب اور مشترکہ علاقائی روایات پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، انہوں نے بنگلہ دیشی فنکاروں کے پرتپاک استقبال پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
محمد اقبال حسین خان کا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی سرگرمیاں عوامی روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہمیت رکھتی ہیں، ایسے پروگرام دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت، فنون اور روایات سے روشناس کرانے کے ساتھ باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
تقریب میں بنگلہ دیشی فنکاروں کی موسیقی، انفرادی گائیکی اور روایتی رقص پر مبنی پرفارمنسز نے بنگلہ دیش کی ثقافتی رنگا رنگی کو اجاگر کیا، اس ثقافتی شام کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستانہ روابط، ثقافتی تعاون اور عوامی سطح پر قربت بڑھانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا گیا۔